سانحہ موٹروے؛ حکومت کا نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 30 ستمبر 2020
وزیر اعظم نے نیشنل ہیلپ لائن نمبر کے قیام کو دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، وزیراعظم آفس۔ فوٹو:فائل

وزیر اعظم نے نیشنل ہیلپ لائن نمبر کے قیام کو دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، وزیراعظم آفس۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کے لئے  پی ایم ڈلیوری یونٹ کو ٹاسک سونپ دیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سانحہ موٹروے کیس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے پی ایم ڈلیوری یونٹ کو ٹاسک سونپا اور  پی ایم ڈلیوری یونٹ نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کام کا آغاز کر دیا ہے، وزیر اعظم نے نیشنل ہیلپ لائن نمبر کے قیام کو دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

بیان کے مطابق یشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن کے لیے الگ نظام تشکیل دیا جائے گا، کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں پورے ملک کے لیے ایک ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر ہو گا،عوام کو ایک مخصوص نمبر میسرہو گا جو ٹول فری ہوگا، نیشنل ہیلپ لائن نمبر سے کسی بھی ناگہانی صورت میں شہری کی فوری مدد ممکن ہو گی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے تمام ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبرز کو نئے نظام سے منسلک کیا جائے گا، سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور ملک کی تمام موبائل کمپنیوں سے معاونت حاصل کی جائے گی، نظام کو موثر اور مستحکم بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی جس کے لئے صوبوں سے بھی مشاورت ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔