کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے انتظامیہ کیخلاف کارروائی کی جائے، حافظ نعیم الرحمن

ویب ڈیسک  بدھ 30 ستمبر 2020
کوٹہ سسٹم ختم کرکے کراچی کے شہریوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دی جائیں، امیرجماعت اسلامی کراچی

کوٹہ سسٹم ختم کرکے کراچی کے شہریوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دی جائیں، امیرجماعت اسلامی کراچی

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں بااختیار شہری حکومت ہی تمام مسائل کا حل ہے اس کے لیے سندھ حکومت کا موجودہ بلدیاتی ایکٹ منسوخ کیا جائے۔

ادارہ نورحق میں ”حقوق کراچی مارچ“ کی شاندار کامیابی کے بعد کے الیکٹرک کے خلاف جدو جہد سمیت ”حقوق کراچی تحریک“ کے آئندہ کے مراحل کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو بھاگنے کا موقع فراہم کررہی ہے، قومی خزانے پر بوجھ ڈال کر کے الیکٹرک کو مزید نوازا جارہاہے، وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے لیے فرار کی راہ ہموار کرکے نئی تازہ دم کمپنی کو لے کر آنے کی تیاری کررہی ہے، ایسی صورت میں کے الیکٹرک کے ذمہ تمام واجب الاداء رقم قومی خزانے سے ادا کی جائے گی، جماعت اسلامی کسی صورت میں کے الیکٹرک کو بھاگنے کا موقع نہیں دے گی۔

امیرجماعت اسلامی کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حقوق کراچی تحریک مسائل کے حل تک جاری رہے گی اور ہم عوامی دباؤ کے ذریعے سے ہی کے الیکٹرک سمیت تمام مسائل حل کرائیں گے، کراچی میں از سر نو مردم شماری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے باہر پی ٹی آئی نے عوام کو بے وقوف بنانے اور کے الیکٹرک کو سپورٹ کرنے کے لیے دھرنا دیا تھا جسے اسد عمر نے یہ کہہ کر ختم کروادیا تھا کہ اب شہر میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

حفظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے اور سڑکوں پر بھی احتجاج کریں گے، کے الیکٹرک کا فوری طورپر لائسنس منسوخ کرکے اس کی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کی جائے، تمام حکومتی جماعتیں کے الیکٹرک کے معاملے پر خاموشی اختیار کرتی ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت بجلی پیدا کرنے کے لیے پیداواری کمپنیوں کے درمیان مسابقت بات کرتی ہے تو نیپرا کی سماعت میں شرکت کیوں نہیں کرتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔