نواز شریف کا رونا دھونا ہی ختم نہیں ہو رہا، فواد چوہدری

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 1 اکتوبر 2020
نواز شریف کو ہر چیز کا پتا ہے لیکن یہ نہیں پتا کہ لندن میں اپارٹمنٹس کیسے بن گئے اور مریم اتنے اثاثوں کی مالک کیسے بن گئیں؟ (فوٹو : فائل)

نواز شریف کو ہر چیز کا پتا ہے لیکن یہ نہیں پتا کہ لندن میں اپارٹمنٹس کیسے بن گئے اور مریم اتنے اثاثوں کی مالک کیسے بن گئیں؟ (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا رونا دھونا ہی ختم نہیں ہو رہا، لگتا ہے لندن میں کوئی چی گویرہ بیٹھا ہوا ہے، آپ کو جلد پاکستان واپس لایا جائے گا پھر عدالت میں یہ تقریر کریں۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لندن میں کوئی چی گویرہ بیٹھا ہے؟ نواز شریف کا رونا دھونا ختم ہی نہیں ہو رہا، وہ چاہتے ہیں کہ اداروں کو آپس میں لڑایا جائے، نواز شریف کو ہر چیز کا پتا ہے لیکن یہ نہیں پتا کہ لندن میں اپارٹمنٹس کیسے بن گئے اور مریم اتنے اثاثوں کی مالک کیسے بن گئیں؟

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب فوج کا حلف نامہ پڑھ رہے تھے تو انہیں اپنا بھی حلف نامہ پڑھنا چاہیے جس میں لکھا ہے کہ سازش نہیں کرنی لیکن نواز شریف نے اپنے ادوار میں میں کئی سازشیں کیں، آپ کو واپس لانے کی تیاریاں تیز ہو چکی ہیں جلد آپ پاکستان میں ہوں گے پھر عدالت میں یہ تقریر کرنا۔

وزیر سائنس کا کہنا تھا کہ اگر جنرل ظہیر الاسلام  نے استعفی مانگا تو میاں صاحب خاموش کیوں رہے؟ تین سال خاموشی کے بعد آج یہ باتیں کیوں یاد آئیں؟ انہیں اسی وقت بتانا چاہیے تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔