سعید غنی کا سابق فوکل پرسن کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار

ویب ڈیسک  پير 5 اکتوبر 2020
دونوں ملزمان کو رات کلفٹن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، نیب حکام: فوٹو: فائل

دونوں ملزمان کو رات کلفٹن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، نیب حکام: فوٹو: فائل

کراچی: نیب نے وزیرتعلیم سندھ سعید غنی اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ کے سابق فوکل پرسن رحمت اللہ شیخ سمیت 2 افراد کو کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق نیب کراچی نے ڈی ایم سی ملیر میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں 2 اہم افسران رحمت اللہ شیخ اور منظور عباسی کو گرفتار کرلیا، دونوں ملزمان کو گزشتہ رات کراچی کے علاقے کلفٹن سے گرفتار کیا گیا۔

نیب حکام کے مطابق محکمہ بلدیات کے گرفتار دونوں افسران کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا، نیب نے عدالت سے ملزمان سے تفتیش کے لئے ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کردیا۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ رحمت اللہ شیخ نامی گرفتارافسر سعید غنی اور ناصر شاہ کے فوکل پرسن بھی رہاہے، ملزمان پر مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی خرد برد کا الزام ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔