پہلا ٹیسٹ،جنوبی افریقی بیٹنگ لائن بھی ڈگمگا گئی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعـء 20 دسمبر 2013
جوہانسبرگ ٹیسٹ: جنوبی افریقی بیٹسمین جیک کیلس کو پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کرنے پر بھارتی پیسر ایشانت شرما خوشی سے بے قابو، انھوں نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

جوہانسبرگ ٹیسٹ: جنوبی افریقی بیٹسمین جیک کیلس کو پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کرنے پر بھارتی پیسر ایشانت شرما خوشی سے بے قابو، انھوں نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

جوہانسبرگ: بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقی بیٹنگ لائن بھی ڈگمگا گئی، دوسرے دن کے اختتام تک 213 رنز پر 6 وکٹیں گنوادیں، ایشانت شرما نے 3 اور محمد شامی نے2 وکٹیں لیں۔

اس سے پہلے بھارتی ٹیم280 پر رخصت ہوئی،آخری 5 کھلاڑی صرف 16رنز کے دوران آئوٹ ہوگئے، فلینڈر نے4 اور مورن مورکل نے تین وکٹیں لیں۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے ابتدائی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 6وکٹ پر 213 رنز بنائے، ابھی خسارہ ختم کرنے کیلیے اسے مزید67 رنز کی ضرورت ہے،37 کے ٹوٹل پر پہلی وکٹ گری جب الویرو پیٹرسن 21 رنز بناکر ایشانت کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسمتھ اور ہاشم آملا نے اسکور کو130 تک پہنچایا، اسی مجموعے پر 3 وکٹیں گرگئیں، جب146 رنز ہوئے تو 6کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

 photo 7_zpsec671270.jpg

ہاشم آملا (36) کوایشانت نے بولڈ کیا، اگلی گیند پر انھوں نے کیلس کو ایل بی ڈبلیو کردیا، اگلے اوور میں ظہیر خان کی گیند کے سامنے اسمتھ کا فرنٹ پیڈ آگیا، انھوں نے 68 رنز بنائے، اننگز کے دوران انھیں کئی مواقع بھی ملے، ڈومنی (2) کو شامی نے وجے کی مدد سے کیچ کیا، اسی اوور میں انھوں نے ڈی ویلیئرز (13) کوایل بی ڈبلیو کیا، جب دوسرے دن کا اختتام ہوا تو فلینڈر 48 اور ڈو پلیسی 17 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل 255 رنز پانچ وکٹ سے دن کا آغاز کرنیوالی بھارتی ٹیم 280 رنز پر آئوٹ ہوگئی، راہنے47 اور دھونی 19 پر رخصت ہوئے، ظہیر، ایشانت اور شامی کو کھاتہ کھولنا بھی نصیب نہیں ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔