سوشل میڈیا اسٹار جنت مرزا نے ٹک ٹاک پر پابندی کی حمایت کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اکتوبر 2020
میں خود چاہ رہی تھی کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی لگے، جنت مرزا (فوٹو : سوشل میڈیا)

میں خود چاہ رہی تھی کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی لگے، جنت مرزا (فوٹو : سوشل میڈیا)

 کراچی: معروف ٹک ٹاکر جنت مرزا نے پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کی حمایت کردی اور کہا ہے کہ میں خود چاہ رہی تھی کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی لگے تاہم یہ پابندی مستقل بنیادوں پر نہیں ہونی چاہیے۔

جاپان سے پاکستان مختلف ٹی وی چینلز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے ٹک ٹاک ایپ پر پابندی کی مخالفت کے بجائے حمایت کی اور کہا کہ میں جاپان میں موجود ہوں اور پاکستان سے ٹک ٹاک پر پابندی کی خبر موصول ہوئی ہے، میں خود چاہ رہی تھی کہ ٹک ٹاک پر پابندی عائد ہو تاہم یہ پابندی مستقل بنیادوں پر نہیں ہونی چاہیے۔

یہ پڑھیں : جنت مرزا ایک کروڑ فالوورز کے ساتھ پہلی پاکستانی ٹک ٹاکر بن گئیں

انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک سے لوگوں کا روزگار بھی وابستہ ہے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے لیکن کچھ لوگوں اس پر غیر معیاری ویڈیو نشر کیں، فی الوقت یہ پابندی ٹھیک ہے لیکن اس کے لیے ایس او پیز بنائی جائیں جس کے بعد یہ پابندی ہٹالی جائے۔

سوشل میڈیا اسٹار جنت مرزا نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کو مانیٹر کرنے والی ٹیم ہونی چاہیے اور یہ ٹیم ہر ویڈیو کو پوسٹ ہونے سے قبل دیکھے، جو ویڈیو معیاری ہو اسے نشر ہونے دے اس طرح ٹیلنٹ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، اگر یہ پابندی مستقل بنیادوں پر لگی رہی تو یہ غلط ہوگا، باقاعدہ ضابطہ اخلاق کے بعد ویڈیوز کو نشر ہونے دینا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔