ضرورتِ رشتہ: بیوی چاہیے لیکن سوشل میڈیا کی دیوانی نہ ہو!

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اکتوبر 2020
اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ آج کے دور میں ایسی بیوی ملنا تقریباً ناممکن ہے جو سوشل میڈیا استعمال نہ کرتی ہو۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ آج کے دور میں ایسی بیوی ملنا تقریباً ناممکن ہے جو سوشل میڈیا استعمال نہ کرتی ہو۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

نئی دہلی: بھارت میں ایک وکیل کو اپنے لیے ایسی بیوی کی تلاش ہے جو خوبصورت، گوری، لمبی اور دُبلی ہونے کے علاوہ ’’سوشل میڈیا کی دیوانی نہ ہو۔‘‘ ضرورتِ رشتہ کا یہ اشتہار آج کل سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ایک 37 سالہ وکیل نے مقامی اخبار میں یہ اشتہار دیا ہے جس کے مطابق ’’چیٹرجی‘‘ نامی ان صاحب کا قد 5 فٹ 7 انچ ہے، کوئی نشہ نہیں کرتے، ہائی کورٹ کے وکیل اور تحقیق کار ہیں۔ ان کے خاندان کا اپنا مکان اور گاڑی ہے، ماں باپ زندہ ہیں اور کمارپوکور گاؤں میں اپنا آبائی مکان ہے۔

لڑکی سے انہیں جہیز وغیرہ جیسی کوئی چیز نہیں چاہیے بلکہ ان کی ہونے والی بیوی خوبصورت، گوری، لمبی اور دبلی ہونے کے علاوہ ’’سوشل میڈیا کے نشے میں مبتلا نہ ہو۔‘‘

اس اشتہار کی تصویر چند روز پہلے ایک آئی اے ایس آفیسر نیتن سنگوان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’’رشتے بنانے کے تقاضے بدل رہے ہیں‘‘ کی طنزیہ عبارت لکھ کر شیئر کرائی، جس کے بعد ٹوئٹر پر بحث چھڑ گئی۔

https://twitter.com/nitinsangwan/status/1312291041853280257

بعض صارفین نے اشتہار دینے والے چیٹرجی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں خوبصورتی پر مرنے والا اور ہوس پرست قرار دیا ہے۔

کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ایسی بیوی ملنا تقریباً ناممکن ہے جو سوشل میڈیا کا استعمال نہ کرتی ہو۔

ایک ٹوئٹر صارف نے تو اس پوسٹ پر تبصرے میں ’’کنوارا ہی مرے گا‘‘ لکھ کر بات ختم کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔