کامیاب جوان پروگرام کا جائزہ اجلاس؛ اسٹیرنگ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اکتوبر 2020
نوجوان ملکی معیشت کے فروغ میں بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں، وزیراعظم فوٹو: فائل

نوجوان ملکی معیشت کے فروغ میں بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں، وزیراعظم فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کامیاب جوان پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کی اسٹیرنگ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کامیاب جوان پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں معاون خصوصی عثمان ڈار، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک، مشیر تجارت عبدالرزاق داوٴد، ملک بھر کے بینکوں کے صدور اور سربراہان نے شرکت کی۔ عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے پروگرام کی شفافیت اور طریقہ کار پر اظہار اطمینان کیا اور بینکوں کے سربراہان کی پروگرام میں بھرپور شمولیت اور دلچسپی کو سراہا، وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو قرضوں کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کی اسٹیرنگ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں، اس اثاثے کی صلاحیتیوں کو استعمال میں لانے کیلئے بینکوں کا تعاون نہایت اہم ہے، نوجوان ملکی معیشت کے فروغ میں بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں، تعمیراتی شعبے، صنعتوں کا فروغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں معاونت حکومت کی ترجیح ہے، حکومت کو اس ضمن میں بینکوں کا بھرپور تعاون درکار ہے، نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بینکوں کا تعاون قابل تحسین ہے، قرض کی فراہمی کیلئے بینکوں کو سبسڈی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بینکوں کو پیش آنے والی ہر مشکل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔