پاکستان میں تمام ایئر لائنز کا عملہ کورونا ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اکتوبر 2020
اگر جہازوں کے کپتان اور فضائی میزبان سمیت دیگرعملہ جہاز سے اترتا اور قیام کرتا ہے تو کورونا ٹیسٹ لازم ہوگا، سی اے اے. (فوٹو:فائل)

اگر جہازوں کے کپتان اور فضائی میزبان سمیت دیگرعملہ جہاز سے اترتا اور قیام کرتا ہے تو کورونا ٹیسٹ لازم ہوگا، سی اے اے. (فوٹو:فائل)

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئر لائنز کے عملے کو کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ دے دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئر لائنز کے عملے کو کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ دے دیا ہے اور اس حوالے سے سی اے اے کے شبعہ ائیر ٹرانسپورٹ نے باقاعدہ احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کیٹیگری بی میں شامل ممالک کے جہازوں کے کریو پر عائد کورونا ٹیسٹ کروانے کی شرط ختم کردی گئی ہیں، تاہم اگر جہازوں کے کپتان اور فضائی میزبان سمیت دیگرعملہ جہاز سے اترتا اور قیام کرتا ہے تو کورونا ٹیسٹ لازم ہوگا۔

حکمنامے میں ہے کہ کیٹیگری بی میں شامل ممالک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کرانے کی شرط لازم ہے، کریو کو ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پر معلومات درج کرنا لازم ہوگی۔ پاکستان نے کیٹگری اے کے تحت 30 ممالک سے آنے والوں کیلیے کرونا ٹیسٹ کی شرط پہلے ہی ختم کر دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔