بلدیاتی الیکشن: کراچی میں 69 لاکھ افراد ووٹ کاسٹ کرینگے

سید اشرف علی  جمعـء 20 دسمبر 2013
سب سے زیادہ ووٹرز ضلع شرقی میں ہیں جن کی مجموعی تعداد11 لاکھ 54 ہزار 985 ہے۔ فوٹو: فائل

سب سے زیادہ ووٹرز ضلع شرقی میں ہیں جن کی مجموعی تعداد11 لاکھ 54 ہزار 985 ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: صوبائی الیکشن کمیشن نے کراچی کے 6 اضلاع میں18جنوری کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلیے ہنگامی بنیاد پر کام کا آغاز کردیا ہے۔

حتمی انتخابی فہرستیں نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی آئندہ ہفتے پرنٹ کرکے الیکشن کمیشن کے حوالے کریگا تاہم غیرحتمی انتخابی فہرستوں کے مطابق69لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن کی انتظامیہ نے بلدیاتی انتخابات کے شفاف ومنصفانہ انعقاد کیلئے اپنا کام تندہی سے شروع کردیا ہے، افسران وعملہ رات گئے تک کام میں مصروف ہے، یونین کمیٹیز کی سطح پر انتخابی فہرستوں کی تشکیل آخری مراحل میں ہے، انتخابی فہرستوں کی تصدیق کیلیے ڈیٹا نادرا کے حوالے کردیا گیا ہے جو آئندہ ہفتے تک فائنل ووٹرز لسٹ جاری کریگا، الیکشن کمیشن کی غیرحتمی انتخابی فہرستیں کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر69لاکھ51ہزار632ووٹرز بلدیاتی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد40لاکھ چار ہزار103اور خواتین ووٹرز کی تعداد 29لاکھ 47ہزار 529ہے۔

 photo 3_zps59541d80.jpg

ذرائع نے بتایا کہ 11مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر کراچی میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 71لاکھ 71ہزار 237تھی تاہم کنٹونمنٹ بورڈکلفٹن ،کنٹونمنٹ بورڈ کراچی، کنٹونمنٹ بورڈ فیصل، کنٹونمنٹ بورڈ منورہ، کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی اور کنٹونمنٹ بورڈ ملیرکے تقریباً دولاکھ ووٹرزکراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں ہیں اس لیے عام انتخابات کے مقابلے میں بلدیاتی انتخابات کے ووٹرز کی تعداد قدرے کم ہے،ذرائع نے بتایا کہ عام انتخابات کے بعد نئے ووٹرز کا اندراج بھی ہوا ہے اور نئی رجسٹریشن کا صحیح اندازہ نادرا کی جانب سے حتمی انتخابی لسٹ کے جاری کرنے کے بعد ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق غیر حتمی انتخابی فہرست کے تحت ضلع شرقی میں مرد ووٹرز کی تعداد 6لاکھ 44ہزار 594جبکہ خواتین ووٹرز 5لاکھ دس ہزار391ہے، مجموععی طور پر ضلع شرقی میں ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 54ہزار 985ہے، ضلع کورنگی میں مر د ووٹرز کی تعداد6لاکھ 41ہزار257، خواتین ووٹرز4لاکھ 76ہزار606، کورنگی میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 11لاکھ 17ہزار 863ہے، کراچی ضلع غربی میں مرد ووٹرز کی تعداد7لاکھ 68ہزار 770، خواتین ووٹرز4لاکھ 92ہزار533، مجموعی ووٹرز 12لاکھ 61ہزار 303ہیں، کراچی ضلع جنوبی مرد ووٹرزکی تعداد5لاکھ 62ہزار 693، خواتین ووٹرز کی تعداد 4لاکھ 14ہزار591، مجموعی ووٹرز9لاکھ77ہزار284ہیں، کراچی ضلع وسطی میں مرد ووٹرز کی تعداد9لاکھ13ہزار 245، خواتین ووٹرز7لاکھ 25ہزار 609اور مجموعی ووترز 16لاکھ 38ہزار 854ہیں، ضلع ملیر میں مرد ووٹرزکی تعداد 4لاکھ 73ہزار 544، خواتین ووٹرز 3لاکھ 27ہزار 799 اور مجموعی ووٹرز 8لاکھ ایک ہزار 343ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔