طالبان نے صدارتی الیکشن میں ٹرمپ کے جیتنے کی خواہش ظاہر کردی

ویب ڈیسک  اتوار 11 اکتوبر 2020
ٹرمپ کی حمایت میں دیے گئے  طالبان کے بیان کو ان کی صدارتی مہم کے ترجمان مسترد کردیا ہے(فوٹو، انٹر نیٹ)

ٹرمپ کی حمایت میں دیے گئے طالبان کے بیان کو ان کی صدارتی مہم کے ترجمان مسترد کردیا ہے(فوٹو، انٹر نیٹ)

 واشنگٹن: افغان طالبان نے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ کامیاب ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

امریکی نیوز چینل سی بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہمیں یقین ہے کہ ٹرمپ امریکا کے صدارتی انتخابات میں جیت جائیں گے کیوں کہ وہ ایک ایسے سیاست دان ہیں جنہوں ںے امریکیوں سے کیے گئے سارے بڑے وعدے پورے کیے ہیں۔

طالبان کے ترجمان نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ چھوٹی موٹٰی باتیں رہ گئی  ہوں تاہم ٹرمپ نے سبھی بڑے وعدے پورے کیے ہیں۔ اس لیے امکان ہے کہ امریکی عوام جو ماضی میں فریب کھاتے رہے ہیں ایک بار پھر ٹرمپ پر اعتماد کریں گے۔

ذییح اللہ مجاہد نے حال ہی میں صدر ٹرمپ کے  کورونا وائرس  میں مبتلا ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق ایک اور سینیئر طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ٹرمپ انتخابات میں کام یاب ہوکر افغانستان سے فوج انخلا مکمل کریں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ٹرمپ کا کرسمس تک افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کا عندیہ

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرمپ  نے اپنے ایک ٹوئٹ میں دسمبر میں کرسمس تک افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کا عندیہ دیا تھا اور طالبان کی جانب سے بھی اس بیان کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔

حمایت مسترد

دوسری جانب ٹرمپ کی انتخابی مہم کے انچارج ٹم مرٹاف نے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کو معلوم ہونا چاہیے کہ صدر ٹرمپ نے ہمیشہ ہرممکن طریقے سے امریکی مفادات کا تحفظ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔