فرنچ اوپن؛ چیمپئن نڈال نے ریکارڈز پاش پاش کردیے

اسپورٹس ڈیسک  پير 12 اکتوبر 2020
جوکووک کو ہرا کر13واںٹائٹل پایا،آل ٹائم میں فیڈرر کے ہمسر بن گئے

جوکووک کو ہرا کر13واںٹائٹل پایا،آل ٹائم میں فیڈرر کے ہمسر بن گئے

 کراچی: رافیل نڈال نے فرنچ اوپن جیت کر ریکارڈز چکنا چور کردیے، انھوں نے جوکووک کو مات دے کر نہ صرف ریکارڈ 13 ویں بار ٹرافی اپنے نام کی بلکہ راجرفیڈرر کے آل ٹائم 20 گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

خلاف توقع فائنل یکطرفہ رہا، جس میں نڈال نے 7-5، 6-2، 6-0 سے کامیابی کو گلے لگایا، مجموعی طور پر باہمی مقابلوں میں اگرچہ جوکووک کو نڈال پر برتری حاصل ہے لیکن اسپینش پلیئر نے رولینڈ گیروس پر بالادستی قائم رکھتے ہوئے سربین حریف کیخلاف6-1 سے سبقت کو مستحکم کرلیا، 2018 میں فیڈرر 20 گرینڈ سلم جیتنے والے دنیا کے پہلے پلیئر بنے تھے لیکن اب اس ریکارڈ میں نڈال نے بھی ساجھے داری اختیار کرلی۔

فیڈرر نے یہ اعزاز 2 برس قبل آسٹریلین اوپن کے فائنل میں مارن سیلک کو مات دے کر پایا تھا، 34 سالہ رافیل نڈال نے 2005 میں پہلی بار فرنچ اوپن ٹرافی اپنے نام کی تھی، انھیں یہاں لگاتار چار برس فاتح بننے کا بھی اعزاز حاصل ہے، نڈال نے 13 فرنچ اوپن ٹرافیز کے ساتھ ایک بار آسٹریلین اوپن، 2 مرتبہ ومبلڈن اور 4 بار یوایس اوپن بھی جیتے، کسی بھی ایک گرینڈ سلم کو سب سے زیادہ 13 بار جیتنے کا منفرد ریکارڈ بھی انھیں حاصل ہوگیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی نڈال نے رولینڈ گیروس پر میچز فتوحات کی سنچری بھی مکمل کرلی، وہ یہاں پر اب تک صرف 2 بار ہی ناکام رہے ہیں، مجموعی طور پر یہ ان کے کیریئرکا 86 واں سنگلز ٹائٹل شمار ہوا، اوپن ایرا فہرست میں اب وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، جمی اوکونر 109فتوحات کے ساتھ پہلے، فیڈرر 103 دوسرے اور ایوان لینڈل 94 ٹائٹلزجیت کرتیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔