سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں سزا یافتہ مجرموں کی اپیلیں سماعت کیلئے منظور

کورٹ رپورٹر  پير 12 اکتوبر 2020
سندھ ہائیکورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیا۔

 کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق سیکٹر انچارج عبدالرحمن عرف بھولا، زبیر چریا سمیت 5 سزا یافتہ مجرموں کی اپیلوں پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیا۔

جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں عبدالرحمن عرف بھولا، زبیر چریا سمیت 5 سزا یافتہ مجرموں کی اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے 5 مجرموں کی اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ بلدیہ؛ رحمان بھولا اور زبیر چریا کو 264 مرتبہ سزائے موت کا حکم

عدالت نے فریقین سے اے ٹی سی کے فیصلے کی کاپی اور کیس کا ریکارڈ 4 ماہ میں طلب کرلیا۔ اپیل دائر کرنے والے مجرموں میں عبدالرحمن بھولا، زبیر چریا، فضل احمد، حکیم اور ارشد محمود شامل ہیں۔

دائر اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ فیکٹری مالکان اور متعلقہ محکمے ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں، انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رحمان بھولا اور زبیر چریا کو 264 بار سزائے موت سنائی تھی جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق سربراہ حماد صدیقی اور علی حسن قادری کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔