چین میں کورونا کیسز میں اضافے پر 90 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 13 اکتوبر 2020
ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں تمام شہریوں کے ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے، فوٹو : فائل

ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں تمام شہریوں کے ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے، فوٹو : فائل

بیجنگ: چین کے ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں کورونا کے نئے کیسز میں اچانک اضافے کے بعد ساحلی شہر میں بسے 90 لاکھ افراد کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو چین میں کئی ماہ بعد ایک بار پھر بڑے پیمانے پر کورونا کے ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ معمولات زندگی بحال ہونے کے کئی ماہ بعد ساحلی شہر چنگ ڈاؤ کے اسپتال میں ایک ہی دن کورونا کے 6 کیسز سامنے آئے جس پر میونسپل ہیلتھ کمیشن نے 94 لاکھ آبادی والے شہر میں 90 لاکھ افراد کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میونسپل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس کی ٹیسٹ کی جدید سہولیات ہیں، نئے کیسز کے سامنے آتے ہی ایک لاکھ 40 ہزار افراد کے ٹیسٹ کرائے جا چکے ہیں۔ پہلے مرحلے میں شہر کے 5 اضلاع کے رہائشیوں کا 3 دن میں ٹیسٹ کرایا جائے گا جب کہ پورے شہر کی آبادی کے ٹیسٹس پانچ دن میں مکمل ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس چین سے پوری دنیا میں پھیلا لیکن سب سے پہلے قابو بھی چین میں پایا گیا جس کے بعد بیجنگ میں جون کے مہینے میں نئے کیسز سامنے آنے پر 94 لاکھ آبادی والے شہر کے ایک بڑے حصے کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔