دانش عزیز کی ناقابل شکست اننگز نے سندھ کو یقینی شکست سے بچالیا

 منگل 13 اکتوبر 2020
نوجوان بلے باز نے نے آخری گیند پر دلکش چھکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا - فوٹو: پی سی بی

نوجوان بلے باز نے نے آخری گیند پر دلکش چھکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا - فوٹو: پی سی بی

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے اہم لیگ میچ میں دانش عزیز  نے ناقابل شکست 72 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سندھ کو یقینی شکست سے بچالیا۔ چوبیس سالہ بیٹسمین  نے آخری گیند پر دلکش چھکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ کو جیت کے لیے میچ کے آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے کہ دانش عزیز نے افتخار احمد کو 2 چھکے اور 2 چوکے لگا کر  ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا، محض 34 رنز پر7 وکٹیں  گنوانے کے  بعد  فاتح ٹیم کے دانش عزیز اور انورعلی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 77 رنز کی شراکت قائم کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سندھ نے 139 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دانش عزیز نے 47 گیندوں پر 8 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ انور علی 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فاسٹ باؤلر عثمان شنواری نے 3، عمران خان سینئر نے 2 جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو پہلے  بیٹنگ کی دعوت دی تو کے پی کی تجربہ کار بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور محض 87 رنز پر  اس کے 7 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس موقع پر عثمان خان شنواری نے 15 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 36 رنزپر مشتمل کیرئیر بیسٹ  اننگز کھیلی، جس کی بدولت خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ مصدق احمد 25 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1316027925322317826

سہیل خان، حسان خان اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے دانش عزیز کا کہنا ہے  کہ وہ صرف وکٹ نہ گنوانے کا ذہن بناکر کریز پر کھڑے  رہے، یقین تھا کہ دباؤ کم ہوگیا تو یہ ہدف عبور کرنا مشکل نہیں ہوگا۔ ایونٹ میں دوسری نصف سنچری بنانے والے دانش عزیز نے کہا کہ وہ ایک بارپھر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر بہت خوش ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔