سندھ کابینہ، گندم کی 100 کلو بوری کی قیمت 3687.50 روپے مقرر

اسٹاف رپورٹر  بدھ 14 اکتوبر 2020
پٹرولیم آئل کی ٹرانسپورٹیشن پر سندھ سیلز ٹیکس 13 سے 15 فیصد، آئی بی اے سکھر یونیورسٹی (ترمیمی) ایکٹ 2020 کا بل منظور

 فوٹو: فائل

پٹرولیم آئل کی ٹرانسپورٹیشن پر سندھ سیلز ٹیکس 13 سے 15 فیصد، آئی بی اے سکھر یونیورسٹی (ترمیمی) ایکٹ 2020 کا بل منظور فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ کابینہ نے تفصیلی غور و خوض کے بعد گندم کی100کلو کی بوری کی قیمت 3687.50 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی، اس طرح ایکس مل آٹے کی قیمت میں 9.13 روپے فی کلوگرام کمی واقع ہو گی۔

صوبائی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ سکریٹری فوڈ نے کابینہ کو پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبے کے 6 ڈویژنوں میں 1.262 ملین ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں آٹے کی قیمت مستحکم تھی جو فی کلو 57 روپے ریکارڈ کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آٹے کی قیمت کو نیچے لانا ہوگا کیونکہ گندم مارکیٹ میں دستیاب ہے ،مکمل بحث و مباحثے کے بعد اس کی قیمت باردانہ کے ساتھ 3687.50 روپے فی 100 کلو گرام کی منظور دی گئی۔ گندم کی نئی ایشو پرائس کے ساتھ ہی آٹے کی قیمت 9.13 روپے کم ہوجائے گی اور نئی قیمت 47.87 روپے فی کلوگرام پر آجائے گی۔

کابینہ کے اجلاس کے آغاز پر جزائر کا معاملہ کابینہ میں زیر بحث آیا۔کابینہ کے اراکین نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے آئی لینڈ اتھارٹی کے قیام کے متنازع آرڈیننس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ کابینہ کے ارکان کا کہنا تھا کہ جب تک متنازعہ آرڈیننس واپس نہیں لیا جاتا تب تک وفاقی حکومت سے جزائر کے معاملے پر کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔

وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ صوبائی محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے تھر کول فیلڈ میں کوئلے کی کان کنی اور کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو درآمد پر انفرااسٹرکچر سیس سے چھوٹ دی گئی تھی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس کی مقررہ مدت 30 جون 2020 کو ختم ہو گئی ہے۔ اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تھر میں ترقی کو تیز کرنے کیلیے مراعات پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے۔ ای سی سی کی مراعات میں صفر فیصد کسٹم ڈیوٹی ، خصوصی ایکسائز ڈیوٹی سے مستثنیٰ ، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ، ورکرز ویلفیئر اور شراکت کے فنڈز، سامان اور خدمات کی خریداری پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکس پر 30 سال کیلیے رعایت شامل ہے۔ دیگر صوبوں کے ساتھ یکسانیت برقرار رکھنے کے لیے پٹرولیم آئل کی ٹرانسپورٹیشن یا آئل ٹینکرز کے ذریعے لے جانے پر خدمات پر سندھ سیلز ٹیکس کو 13 سے 15 فیصد تک کر دیا ہے۔

کابینہ نے ’’آئی بی اے سکھر یونیورسٹی سکھر (ترمیمی) ایکٹ 2020‘‘ کے مسودے کے بل کی منظوری دی کہ قانون میں متعدد ترامیم کی جائیں تاکہ سرکاری شعبوں کی یونیورسٹیوں کے انتظام اور ڈگری ایوارڈ دینے والے اداروں میں یکسانیت برقرار رہے۔ منظور شدہ ترامیم کو اسمبلی کو ریفر کیا گیا۔

کابینہ نے عبد الرؤف چانڈیو کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندھ مضاربہ مینجمنٹ لمیٹڈ 3سال کی مدت کیلیے تقرری کی منظوری دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔