اسلام آباد: مشکوک کنٹینر چیک کرنے والے ڈی ایس پی کسٹمز 2 اہلکاروں سمیت اغوا

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 دسمبر 2013
حملہ آوروں نے پہلے فائرنگ کی پھر ڈی ایس پی کسٹمز افتخار چوہدری کو 2 اہلکاروں سمیت اغوا کر کے لے گئے۔ فوٹو:فائل

حملہ آوروں نے پہلے فائرنگ کی پھر ڈی ایس پی کسٹمز افتخار چوہدری کو 2 اہلکاروں سمیت اغوا کر کے لے گئے۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: دارالحکومت میں نامعلوم حملہ آور کنٹینرز کی چیکنگ کرنے والے ڈی ایس پی کسٹمز اور 2 اہلکاروں کو اغوا کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کسٹمز حکام نے خفیہ اطلاع پر کلر کہار کے قریب مشکوک کنٹینر کو پکڑا اور واپس لے کر جانے لگے تو اسلام آباد انٹر چینج کے قریب 8 گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے مخالف سمت سے کسٹمز حکام پر فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جو 10 سے 20 منٹ تک جاری رہا، کنٹینر چھڑانے کی ناکامی پر حملہ آور ڈی ایس پی کسٹمز افتخار چوہدری اور 2 اہلکاروں کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے تاہم کسٹم حکام نے کنٹینر کے ڈرائیور اور کلینر کو حراست میں لے لیا۔

ایس پی کسٹمز زرغام حیدر کے مطابق نامعلوم حملہ آور مخالف سمت سے آئے جو کنٹینر چیک کرنے والے ڈی ایس پی افتخار چوہدری اور 2 اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئے تاہم کنٹینر چھوڑ کر فرار ہوئے، دوسری جانب وفاقی پولیس نے کنٹینر کو قبضے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردیں اور قریبی جنگل سے 2 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔