او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر حملہ، 7 ایف سی اہلکار اور 7 سیکیورٹی گارڈ شہید

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 15 اکتوبر 2020
دہشت گردوں نے گوادر سے کراچی جانے والے او جی ڈی سی ایل کے قافلے کو اورماڑہ کے نزدیک کوسٹل ہائی وے پر نشانہ بنایا (فوٹو، فائل)

دہشت گردوں نے گوادر سے کراچی جانے والے او جی ڈی سی ایل کے قافلے کو اورماڑہ کے نزدیک کوسٹل ہائی وے پر نشانہ بنایا (فوٹو، فائل)

 راولپنڈی: دہشت گردوں کے اورماڑہ کے قریب سیکیورٹی فورسز پر حملے میں 7 ایف سی جوان اور 7 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جب کہ جوابی فائرنگ میں متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر سے کراچی جانے والے او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر اورماڑہ کے نزدیک  بڑی تعداد میں دہشت گردوں  نے حملہ کردیا۔ دہشت گردوں کے حملے میں سات ایف سی کے جوان اور سات او جی ڈی سی ایل کے اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور اور ترقی کو سبوتاز کرنے والے عناصر کی ایسی بزدلانہ کارروائیوں کو کام یاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مزید برآں ، ایسی کارروائیاں مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، چاہے اس  کے لیے ہمیں اپنی جانوں کا نذرانہ ہی کیوں نہ پیش کرنا پڑے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں کیپٹن سمیت 6 فوجی شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوبے دار عابد حسین، نائیک محمد انور، لانس نائیک افتخار احمد، سپاہی محمد نوید ، لانس نائیک عبداللطیف، سپاہی عمران خان، حوالدار (ر) سمندر خان، محمد فواد اللہ ، عطااللہ ، وارث، عبدالنافع، شاکر اللہ، عابد حسین شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔