فواد خان اور صدف کے گھر بیٹی کی پیدائش

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اکتوبر 2020
فواد خان اور صدف نے 2005 میں شادی کی تھی، ان کے بچوں کے نام ایان اور ایلائنا ہیں

فواد خان اور صدف نے 2005 میں شادی کی تھی، ان کے بچوں کے نام ایان اور ایلائنا ہیں

پاکستان کے نامور اداکار فواد خان اور صدف کے گھر تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

پاکستان کے پرکشش اداکار فواد خان متعدد ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں، یہی نہیں وہ سرحد پار بھی اپنی اداکاری کا جادو چلاچکے ہیں، جس کے باعث بالی ووڈ کے تمام فلمساز وہدایتکار فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کرچکے تھے لیکن بدقسمتی سے ہندوانتہاپسندوں کی دباؤ کے باعث بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

گزشتہ روز سے میڈیا پر خبریں زیرگردش ہیں کہ اداکار فواد خان اور ان کی اہلیہ صدف کے گھر تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے اور صدف نے بیٹی کو جنم دیا ہے، تاہم اس حوالے سے انہوں نے اب تک خود کسی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر باضابطہ اعلان نہیں کیا اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی تصویر سامنے آئی البتہ ان کے مداحوں کی جانب سے چلائے جانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے بھی ٹوئٹر پر فواد خان اور صدف کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ننھی پری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے فواد خان نے اپنی دوست صدف سے 2005 میں شادی کی تھی جس سے ان کے دو بچے ہیں، بیٹے کا نام ایان اور بیٹی کا نام ایلائنا ہے اب ان کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام اب تک نہیں رکھا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔