پشاور میں ملاوٹ مافیا کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن؛ 2 ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف

سٹی رپورٹر  جمعـء 16 اکتوبر 2020
کارروائی کے دوران 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا . فوٹو : ایکسپریس

کارروائی کے دوران 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا . فوٹو : ایکسپریس

 پشاور: خیبرپختون خوا میں کارروائی کے دوران 2 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت دودھ تلف کرکے 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

خیبرپختون خوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیو اسٹاک کے ہمراہ پشاور میں ملاوٹ مافیا کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے موٹر وے ٹول پلازہ پر ایک مشترکہ کاروائی میں تقریباً 2 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت اور ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کردیا۔

آپریشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز شایان علی جاوا، اسسٹنٹ کمشنر صدر صہیب بٹ، لائیو اسٹاک کے نعیم الحسن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر واصف شاہ اور احمد نے حصہ لیا۔

میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی ڈائریکٹر اپریشنز شایان علی جاوا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف پشاور میں ایک بڑے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صاف اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے موٹر وے ٹول پلازے پر صبح سویرے ناکہ بندی کی گئی اور پشاور لائے جانے والے تمام دودھ فروشوں کو روک کر دودھ کے سیمپلز چیک کیے گئے جب کہ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے موقع پر ہی دودھ کے ٹیسٹ کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی میں 6 افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کردی گئی ہیں جب کہ  فوڈ اتھارٹی کی جانب سے آگے بھی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیو اسٹاک کے ساتھ ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر صہیب بٹ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو صاف اور معیاری خوراکی اشیاء فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے اور دودھ میں ملاوٹ کے خلاف یہ آپریشن اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دودھ کے سیمپلز میں کیمکلز کے ساتھ ساتھ 40 فیصد تک دودھ کی ملاوٹ بھی سامنے آئی، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ساتھ آگے بھی صحت عامہ کے تحفظ کے لئے ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔