دفاعی چیمپئن ناردرن نے آخری لیگ میچ میں خیبرپختونخوا کو 11 رنز سے ہرادیا

ذوالفقار بیگ  جمعـء 16 اکتوبر 2020
فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا- فوٹو: پی سی بی

فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا- فوٹو: پی سی بی

راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دفاعی چیمپئن ناردرن نے اپنے آخری لیگ میچ میں خیبرپختونخوا کو 11 رنز سے ہرادیا ۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے  ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو وہاب ریاض کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے دفاعی چیمپئن کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر فلاپ ہوگئی۔ وہاب ریاض نے  21 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔  کپتان عماد وسیم 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جواب میں اوپنر محمد حارث کے ناقابل شکست 79 رنز کے باوجود خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ 20 اورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔ فخر زمان کے 11 اور افتخار احمد کے 10 رنز کے علاوہ کے  پی کا کوئی بھی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ حارث رؤف نے 28 رنز دے کر 3 جب کہ عماد وسیم نے 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔

فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔