جنسی زیادتی پر معروف اداکار متھن چکروتی کے بیٹے کیخلاف ایف آئی آر درج

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 اکتوبر 2020
مہاکشے چکروتی نے نشہ آور مشروب پلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، متاثرہ خاتون ( فائل : فوٹو)

مہاکشے چکروتی نے نشہ آور مشروب پلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، متاثرہ خاتون ( فائل : فوٹو)

نئی دہلی: بھارت میں عدالت کے حکم پر دو سال بعد معروف اداکار متھن چکروتی کے بیٹے مہاکشے کیخلاف ساتھی اداکارہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ خاتون نے اوشیوارا تھانے میں اداکار متھن چکروتی کی اہلیہ یوگیتا بالی اور بیٹے مہاکشے کیخلاف ایف آر درج کرائی جس میں شادی کا جھانسہ دیکر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، دھوکہ دہی اور اسقاط حمل کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ایف آئی آر میں متھن چکروتی کی اہلیہ یوگیتا بالی کو بھی نامزد کیا گیا ہے، متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ یوگیتا بالی کو ہمارے تعلقات کا بھی پتہ تھا اور انہوں نے بھی اسقاط حمل کے لیے مجھ پر دباؤ ڈالا تھا اور دھمکیاں دی تھیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مہاکشے اور متاثرہ خاتون کے درمیان 2015 سے تعلقات تھے اور مہاکشے چکروتی نے نشے آور چیز پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں شادی سے انکار کردیا۔ متاثرہ خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم کہا جاتا ہے کہ وہ بھوج پوری اداکارہ ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : اداکارہ سے زیادتی کے الزام پر متھن چکروتی کے بیٹے کی شادی منسوخ

مہاکشے چکروتی پر جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کرانے کے لیے کئی بار کوششیں کیں لیکن ہر بار متھن چکروتی کے تعلقات کام آٗئے جس کے بعد مذکورہ خاتون نے دہلی کی مقامی عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت کے حکم کے باوجود تھانے میں ایف آئی آر درج کرنے میں دو ماہ کا عرصہ لگ گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : متھن چکروتی کا بیٹا مہاکشے چکروتی رشتہ ازدواج میں منسلک

واضح رہے کہ مہاکشے چکروتی کی شادی 8 جولائی 2018 کو مدالسا شرما کے ساتھ ہو رہی تھی کہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر عدالت نے پولیس کو کارروائی کا حکم دیا، پولیس چھاپے کی وجہ سے شادی کو منسوخ کردیا گیا تھا جو دو دن بعد ہوئی تاہم متاثرہ خاتون کو دھمکیوں کی وجہ سے نئی دہلی منتقل ہونا پڑا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔