ایف آئی اے نے پی آئی اے کے سابق ایم ڈی کو گرفتار کرلیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 17 اکتوبر 2020
ملزمان نے سلیم سیانی نامی سابق ڈپٹی ایم ڈی کی بھرتی میں ہر طرح سے اختیارات سے تجاوز کیا، ایف آئی اے (فوٹو : فائل)

ملزمان نے سلیم سیانی نامی سابق ڈپٹی ایم ڈی کی بھرتی میں ہر طرح سے اختیارات سے تجاوز کیا، ایف آئی اے (فوٹو : فائل)

 کراچی: ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے پی آئی اے کے سابق ایم ڈی اعجاز ہارون اور سابق ڈائریکٹر ایچ آر حنیف پٹھان کو گرفتار کرلیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عبد الرؤف شیخ کے مطابق پی آئی اے کے سابق ایم ڈی اعجاز ہارون اور سابق ڈائریکٹر ایچ آر حنیف پٹھان کو حراست میں لیا گیا ہے، ملزمان نے سلیم سیانی نامی سابق ڈپٹی ایم ڈی کی بھرتی میں اختیارات سے تجاوز کیا، بھرتی کے لیے اشتہار دینے، پی آئی اے ایکٹ کی، رولز کی خلاف ورزی کی گئی،دونوں سابق افسران نے سلیم سیانی کو ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہ ادائیگی کی منظوری دی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سلیم سیانی کو پی آئی اے انجینئرنگ کے لیے کام دلانے پر کمیشن ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی، دونوں افسران نے سلیم سیانی کو 3 ماہ کے لیے فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش کی بھی منظوری دی، سابق ڈی ایم ڈی کے اہل خانہ کی دبئی میں رہائش کے کرائے کی ادائیگی بھی ایئرلائن کے ذمہ رہی۔

گرفتار افسران کی منظوری سے سلیم سیانی کی ایک ملین ڈالرز کی انشورنس پالیسی بھی کرائی گئی، سلیم سیانی کو دوران ملازمت اغوا ہونے، جسمانی نقصان یا فوت ہونے پر ایک ملین ڈالر ادائیگیوں کو بھی منظور کیا گیا، ملازمت کے دوران 20 ہزار ڈالرز تنخواہ جبکہ 7 فیصد سالانہ اضافے کی منظوری بھی دی گئی،

ملازمت کے کنٹریکٹ کی منسوخی پر تین ماہ کی تنخواہ ادائیگیوں کی منظوری بھی گرفتار افسران نے دی، امریکا پاکستان یا دبئی منتقلی کے لیے سلیم سیانی کو 50 ہزار ڈالرز بھی ادا کیے گئے، ایئر لائن کے دیگرافسران کے کردار سے متعلق تحقیقات بھی جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔