نواز شریف کا بیانیہ کسی حد تک درست ہے، مراد علی شاہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 17 اکتوبر 2020
صوبے کا سربراہ میں ہوں تو پولیس کے غلط کاموں کا جواب بھی میں ہی دوں گا، وزیراعلیٰ سندھ (فوٹو: فائل)

صوبے کا سربراہ میں ہوں تو پولیس کے غلط کاموں کا جواب بھی میں ہی دوں گا، وزیراعلیٰ سندھ (فوٹو: فائل)

 کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے نواز شریف کے مکمل بیانیے سے اتفاق نہیں لیکن نواز شریف کا بیانیہ کسی حد تک درست ہے۔

یہ بات انہوں ںے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سعید غنی اور ناصر شاہ کے ہمراہ جلسہ گاہ باغِ جناح کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں ںے پی ڈی ایم کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے نواز شریف کے مکمل بیانیے سے اتفاق نہیں لیکن نواز شریف کا بیانیہ کسی حد تک درست ہے، صوبے کا سربراہ میں ہوں تو پولیس کے غلط کاموں کا جواب بھی میں ہی دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر سال 18 اکتوبر کو شہدا کی یاد میں تعزیتی جلسے کا انعقاد کرتی ہے، رواں سال پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی قیادت نے اس جلسے کو عزت بخشی ہے، وفاقی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے عام آدمی کو پریشانیوں کا سامنا ہے، اتوار کو پورے سندھ سے عوام یہاں احتجاج ریکارڈ کرانے آئیں گے۔

انہوں ںے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کو دعوت دی کہ وہ وہ یہاں آکر  اپنی آنکھوں سے جلسے کے مناظر دیکھیں اگر گوجرانولہ میں ہونے والا جلسہ ناکام تھا تو پھر حکومت کو پریشانی کس بات کی ہے؟َ حکومتی نمائندے سکون سے جاکر گھر بیٹھیں۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ وہ پہلا صوبہ ہے جس نے کورونا کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے، جلسے میں ایس او پیز کا خیال رکھیں گے کیونکہ ہمیں عوام کی صحت کے حوالے سے بھی فکر ہے، جلسوں میں ماسک پر وہ لوگ تنقید کررہے ہیں جو بند کمروں میں بھی ماسک استعمال نہیں کرتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔