سابق کرکٹرز انگلینڈ کا استقبال کرنے کیلیے بے چین

اسپورٹس رپورٹر / ایکسپریس نیوز  اتوار 18 اکتوبر 2020
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکے آنے کی راہ ہموار ہوگی(راشد)آفریدی بھی مسرور۔ فوٹو : فائل

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکے آنے کی راہ ہموار ہوگی(راشد)آفریدی بھی مسرور۔ فوٹو : فائل

لاہور: سابق کرکٹرز انگلش ٹیم کا15سال بعد استقبال کرنے کیلیے بے چین ہیں۔

پی سی بی نے آئندہ برس جنوری کو انگلش ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے دورے کی دعوت دی ہے، اس حوالے سے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہاکہ انگلینڈ کا مختصر دورانیے کے لیے دورئہ پاکستان بھی بڑی کامیابی ہوگی، سیریز نہ صرف شائقین کے لیے دلچسپی کا مرکز بلکہ نوجوان کرکٹرز کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گی، میں انگلش بورڈ کے کام کا طریقہ جانتا ہوں، ان میچز کو ممکن بنانے کے لیے ایک سال سے کام ہورہا تھا، اب مثبت پیش رفت کا سامنے آنا بہت خوش آئند ہے۔

راشد لطیف نے کہا کہ بعض اوقات بیک ڈور ڈپلومیسی کام کرجاتی ہے،اب اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ پاکستان ٹیم کا گذشتہ دورہ بے مقصد نہیں تھا، انگلش اسکواڈ کا ٹور ہمارے لیے بڑی اہمیت رکھتا ہے، یہ سیریز پروگرام کے مطابق ہوئی، جنوبی افریقی ٹیم بھی کھیل کر گئی تو پھرآسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے آنے کی راہ بھی ہموار ہوگی، پاکستان کا امیج بھی زیادہ بہتر ہوگا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہاکہ گذشتہ ایک سال میں غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ پی ایس ایل میں بھی انٹرنیشنل کرکٹرز کی بڑی تعداد شرکت کیلیے آئی، انگلش ٹیم کا آنا پاکستان کرکٹ کے لیے ایک زبردست قدم ہوگا، بڑی ٹیموں کا یہاں آنا بہت ضروری ہے، اس سے ملک کا مثبت تاثر مزید اجاگر ہوگا، امید ہے کہ ای سی بی عملی طور پر بھی آگے بڑھتے ہوئے اپنی ٹیم ٹور کے لیے بھیجے گا،انگلش کرکٹرز یقینی طور پر ہماری مہمان نوازی سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔