سات ماہ بعد روضہ رسول ﷺ کو زیارت کیلئے کھول دیا گیا

ویب ڈیسک  اتوار 18 اکتوبر 2020
کورونا وبا کے بعد عمرہ ادائیگی کے دوسرے مرحلے میں مقامی افراد کو زیارت کی اجازت ہوگی، فوٹو: فائل

کورونا وبا کے بعد عمرہ ادائیگی کے دوسرے مرحلے میں مقامی افراد کو زیارت کی اجازت ہوگی، فوٹو: فائل

ریاض: مدینہ منورہ میں یکم ربیع الاول سے سات ماہ بعد روضہ رسول ﷺ کو زیارت کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم معتمرین اور عبادت گزاروں کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور نے کہا ہے کہ یکم ربیع الاول سے کورونا وائرس ایس او پیز کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ میں عبادت اور روضہ رسول ﷺ کی زیادت کرنے کی اجازت ہوگی جس کے لیے روضہ رسول ﷺ کو کھول دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں مسجد نبوی کی گنجائش کے 75 فیصد تک نمازیوں کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح کورونا وائرس ایس او پیز کے ساتھ روزانہ 15 ہزار معتمرین کو حرم میں نماز پڑھنے اور طواف کی بھی اجازت ہوگی جب کہ مجموعی طور پر روازنہ چالیس ہزار افراد مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ڈھائی لاکھ معتمرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت

واضح رہے کہ کورونا وبا کے بعد سعودی عرب نے آج سے عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت سعودی شہریوں اور وہاں مقیم غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت ہوگی جب کہ اگلے ماہ تیسرے مرحلے میں غیر ملکیوں کو عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔