دنیا بھرمیں ایک دن میں کورونا کے 4 لاکھ نئے کیسز کا ریکارڈ قائم

ویب ڈیسک  اتوار 18 اکتوبر 2020
کورونا کے روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا، فوٹو: فائل

کورونا کے روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا، فوٹو: فائل

عالمی سطح پر پہلی بار ایک دن میں کورونا وائرس کے نئے 4 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور سب سے زیادہ کیسز  یورپی ممالک میں دیکھے گئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپ، بھارت، برازیل اور امریکا میں نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہونے کے باعث دنیا بھر روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے کیسز کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ گزشتہ روز دنیا بھر میں پہلی بار 4 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

کورونا وبا کی دوسری لہر میں سامنے آنے والے نئے کیسز میں 34 فیصد یورپی ممالک سے ہیں جہاں روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں اور اب تک مجموعی تعداد 70 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جب کہ اس موزی وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ یورپ میں زیادہ تر برطانیہ، فرانس، روس اور اسپین متاثر ہوئے ہیں۔

کورونا وبا سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جہاں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 1 کروڑ 85 لاکھ اور 92 ہزار ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ روز 1 لاکھ 45 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح بھارت، فرانس، اسپین اور برازیل میں یومیہ 70 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔