پب جی کھیلنے سے روکنے پر بیٹے کی باپ کو چاقو مار کر خود کشی کی کوشش

ویب ڈیسک  پير 19 اکتوبر 2020
بیٹے نے باپ کو زمین پر دھکا دیکر گردن پر تیز دھار چاقو کے وار کیے۔ فوٹو : فائل

بیٹے نے باپ کو زمین پر دھکا دیکر گردن پر تیز دھار چاقو کے وار کیے۔ فوٹو : فائل

میرٹھ: بھارت میں ’پب جی گیم‘ کھیلنے سے منع کرنے پر بیٹے نے غصے میں آکر باپ کی گردن پر تیز دھار چاقو سے وار کر کے خودکشی کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میرٹھ میں پب جی گیم کھیلنے سے روکنے اور ڈانٹ ڈپٹ کرنے پر نوجوان نے اپنے باپ کو دھکا دیکر لٹادیا اور تیز دھار چاقو سے ذبح کرنے کی کوشش کی۔ اہل خانہ نے باپ کو بمشکل بیٹے کی چنگل سے آزاد کرایا اور شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔

دوسری جانب بیٹے نے بھی خود کو تیز دھار چاقو کے وار کرکے زخمی کرلیا۔ باپ اور بیٹے میرٹھ میڈیکل میں زیر علاج ہیں جہاں دونوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ادھر اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بیٹا نشے کا عادی ہے جس کا علاج کرایا جا رہا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں مرکز کی جانب سے پب جی گیم پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم کچھ ریاستوں میں تاحال پب جی پر کوئی پابندی نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔