بورڈ کا معین خان کو عبوری کوچ مقرر کرنے پر غور

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 21 دسمبر 2013
مستقل ذمہ داری کیلیے وقار یونس بدستور مضبوط امیدوار،جلد چیئرمین سے ملاقات متوقع۔ فوٹو: فائل

مستقل ذمہ داری کیلیے وقار یونس بدستور مضبوط امیدوار،جلد چیئرمین سے ملاقات متوقع۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی کی ایڈہاک کمیٹی معین خان کو عبوری کوچ مقرر کرنے پر غور کرنے لگی،ڈیو واٹمور کی رخصتی کے بعد ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی20 چیمپئن شپ کے دوران سابق کپتان کی خدمات حاصل ہوں گی۔

مستقل ذمہ داری کیلیے وقار یونس بدستور مضبوط امیدوار ہیں،ان کی نجم سیٹھی کے ساتھ جلد ملاقات کا بھی امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور کے ساتھ پی سی بی کا معاہدہ فروری میں ختم ہوجائے گا، ان کا خلا پُر کرنے کیلیے امیدواروں کی اسکروٹنی اور دیگر معاملات طے کرنے کیلیے وقت درکار ہے،غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گرین شرٹس کی آئندہ مصروفیات کے پیش نظر عبوری طور پر معین خان کی خدمات حاصل کرنے پر غور کیا جارہا ہے، بورڈ ذرائع کے مطابق ڈیوواٹمور کی رخصتی یقینی ہے، 2 سال کیلیے کوچ کی تقرری کا مرحلہ مکمل کرنے میں وقت درکار ہوگا، اس صورتحال میں عارضی طور پر معین خان کو ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔

 photo 3_zps9614e358.jpg

سابق کپتان بطور منیجر قومی ٹیم کے ساتھ منسلک اور انھیں عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی تائید و حمایت بھی حاصل ہے، وہ ذاتی اور کاروباری مصروفیات کی وجہ سے مستقل کوچ بننے میں دلچسی نہیں رکھتے۔ وقار یونس اب بھی مستقل ہیڈ کوچ کی تقرری کیلیے مضبوط امیدوار ہیں، سابق کپتان دلچسپی ظاہر کرچکے اور کمنٹری کیلیے یو اے ای میں موجود ہیں، نجم سیٹھی ان سے ملاقات میں بات چیت آگے بڑھا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ وقار یونس 2010اور2011میں بطور ہیڈ کوچ کام کرچکے،ستمبر میں انھوں نے ذاتی مسائل کی وجہ سے مزید ذمہ داری انجام دینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد عبوری طور پر محسن حسن خان نے کوچنگ کی،کوالیفائیڈ کوچ لانے کے شوق میں ڈیو واٹمور کے ساتھ معاہدہ کیا گیا تھا،تجربہ ناکام ہونے کے بعد اب دیسی کوچ کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔