سرِعام سزا سے بچوں پر جنسی تشدد کا خاتمہ ممکن ہے، اسپیکر کے پی اسمبلی

اسٹاف رپورٹر  پير 19 اکتوبر 2020
وزیراعظم عمران خان بھی چاہتے ہیں ایسے ملزمان کو سرعام سزائیں دی جائیں، اسپیکر مشتاق احمد غنی۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان بھی چاہتے ہیں ایسے ملزمان کو سرعام سزائیں دی جائیں، اسپیکر مشتاق احمد غنی۔ فوٹو: فائل

 پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق احمد غنی کا کہنا ہے کہ چند ملزمان کو سرعام سزائیں دینے کی وجہ سے بچوں پر جنسی تشدد کے کیسز رک سکتے ہیں۔

اپنے بیان میں مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق بچوں پر جنسی تشدد کے ملزمان کو سرعام سزائیں نہیں دے سکتے لیکن چند ملزمان کو سرعام سزائیں مل جائیں تو پھر بچوں پر تشدد کے کیسز رک سکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان بھی چاہتے ہیں ایسے ملزمان کو سرعام سزائیں دی جائیں۔

اسپیکر پشاور اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ معصوم بچوں اور بچیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات سے سر شرم سے جھک جاتا ہے اس لیے سزاؤں کے حوالے سے آگاہی مہم کی ضرورت ہے اس ضمن میں ایسے واقعات روکنے کے لیے علماء کرام اور اساتذہ اپنا کردار ادا کریں۔

مشتاق احمد غنی نے یہ بھی کہا کہ سخت سزائیں تجویز کرنے کا مقصد بچوں کے ساتھ جنسی تشدد کے کیسز کو روکنے کے لیے خوف پیدا کرنا ہے اس لیے سعودی عرب میں بھی سخت سزائیں ہونے کی وجہ سے جرائم کم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔