سابق افغان وزیر اعظم گلبدین حکمت یار اسلام آباد پہنچ ‏گئے

اسٹاف رپورٹر  پير 19 اکتوبر 2020
ہم پاکستان کو اپنا ‏‏دوسرا گھر سمجھتے ہیں، حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ اور سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار (فوٹو: سرکاری ٹی وی)

ہم پاکستان کو اپنا ‏‏دوسرا گھر سمجھتے ہیں، حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ اور سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار (فوٹو: سرکاری ٹی وی)

 کراچی: حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ اور سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ ‏گئے جہاں انہوں ںے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

گلبدین حکمت یار اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات میں پاک افغان دو طرفہ ‏تعلقات، افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری بین الافغان مذاکرات سمیت باہمی ‏دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ افغان ‏‏مسئلے کے دیرپا حل کا واحد راستہ، افغانوں کے قابل قبول سیاسی مذاکرات ہیں، ‏‏خوشی ہے کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو سراہا جا رہا ہے، بین الافغان ‏‏مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس افغانستان میں امن کی بحالی کا ایک نادر ‏‏موقع ہے، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گلبدین حکمت یارنے کہا کہ ہم پاکستان کواپنا ‏‏دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق حزب اسلامی افغانستان کے ‏‏سربراہ گلبدین حکمت یار کا یہ دورہ پاکستان اورافغانستان کے مابین وسیع تر دو طرفہ ‏‏روابط کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا اہم حصہ ہے۔

ترجمان کے مطابق گلبدین حکمت یار 19 ‏‏سے 21 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ افغان رہنما صدر پاکستان ، وزیراعظم ، چیئرمین سینیٹ، ا‏‏سپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔