سرطان زدہ خلیات کو بھسم کرنے والی مقناطیسی پٹی

ویب ڈیسک  منگل 20 اکتوبر 2020
سرطان زدہ خلیات کی تصویر جو الیکٹرون خردبین سے کھینچی گئی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

سرطان زدہ خلیات کی تصویر جو الیکٹرون خردبین سے کھینچی گئی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

بنگلور: بھارتی سائنسدانوں نے ایک ایسی مقناطیسی پٹی ایجاد کرلی ہے جو کھال کے سرطان زدہ خلیات کو گرم کرکے ہلاک کردیتی ہے۔ اسے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس، بنگلور میں شلپی جین اور ان کے ساتھیوں نے تیار کیا ہے۔

بظاہر یہ جراحی والی عام سی پٹی ہے جسے زخم ڈھکنے کےلیے باندھا جاتا ہے، تاہم اس میں اضافی طور پر خاص طرح کے مقناطیسی نینو ذرّات کی اضافی تہہ بھی ہے۔

اس پٹی کو سرطان زدہ (یعنی کینسر میں مبتلا) کھال پر چپکانے کے بعد اس کے قریب ہی بدلتا ہوا مقناطیسی میدان قائم کیا جاتا ہے۔ پٹی میں موجود نینو ذرّات اس مقناطیسی میدان کی توانائی اپنے اندر جذب کرکے تیزی سے تھرتھرانے لگتے ہیں جس سے پٹی کا اندرونی حصہ گرم ہو کر اپنے نیچے موجود خلیوں کو ہلاک کر دیتا ہے۔

یہ پٹی اب تک چوہوں کے علاوہ کلچر ڈش میں رکھے گئے سرطان زدہ انسانی خلیات پر بھی کامیابی سے آزمائی جاچکی ہے۔ تاہم شلپی جین نے خبردار کیا ہے کہ جب تک اس پٹی کی افادیت خرگوشوں، کتوں اور بندروں پر تجربات میں ثابت نہیں ہوجاتی، تب تک اسے انسانوں پر آزمانے کا سلسلہ شروع نہیں کیا جاسکتا۔

اس ایجاد اور متعلقہ تحقیق کی تفصیلات ریسرچ جرنل ’’کینسر رپورٹس‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔