انسداد دہشتگردی فورس کی سربراہی کیلئے محکمہ داخلہ اور پنجاب پولیس میں ٹھن گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 دسمبر 2013
پنجاب پولیس کے افسران نے انسداد دہشت گردی فورس کو اپنے ماتحت رکھنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے. فوٹو: فائل

پنجاب پولیس کے افسران نے انسداد دہشت گردی فورس کو اپنے ماتحت رکھنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے. فوٹو: فائل

لاہور: محکمہ پولیس اور محکمہ داخلہ پنجاب میں اختیارات کی جنگ جاری ہے، پولیس سروس آف پاکستان کے افسران نے انسداد دہشت گردی فورس کو اپنے ماتحت رکھنے کےلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ پولیس اور محکمہ داخلہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی فورس کو اپنے اپنے ماتحت کرنے کے لئے جنگ جاری ہے۔ پولیس حکام کو محکمہ پولیس میں  محکمہ داخلہ کے بڑھتے ہوئے اثر ورسوخ پر شدید تشویش ہے۔ محکمہ داخلہ رنگ روڈ پولیس اتھارٹی کے بعد انسداد دہشت گردی فورس کو بھی اپنے ماتحت لے چکا ہے۔

پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کا اس سلسلے میں آئی جی آفس میں آج بھی اجلاس ہوا جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے، پولیس افسران نے آئی جی پنجاب سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جب کہ پولیس افسران نے انسداد دہشت گردی فورس کو اپنے ماتحت رکھنے کی بھی ٹھان لی ہے اور وہ اپنے مؤقف پر ڈٹ گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔