162 کروڑ روپے والی سیکنڈ ہینڈ کار نیلامی کے لیے پیش

ویب ڈیسک  منگل 20 اکتوبر 2020
سیاہ رنگ کی یہ کار ’’فیراری 250 جی ٹی ایس ڈبلیو بی کیلیفورنیا اسپائیڈر‘‘ ہے جو 1961 میں تیار کی گئی تھی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

سیاہ رنگ کی یہ کار ’’فیراری 250 جی ٹی ایس ڈبلیو بی کیلیفورنیا اسپائیڈر‘‘ ہے جو 1961 میں تیار کی گئی تھی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

سان فرانسسکو: مہنگی اور قیمتی کاریں فروخت کرنے والی ایک امریکی ویب سائٹ پر آج کل ایک ایسی کار نیلامی کے لیے موجود ہے جو 2008 میں ایک کروڑ ڈالر یعنی آج کے 162 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی تھی۔ اندازہ ہے کہ اس مرتبہ یہ ڈیڑھ کروڑ ڈالر (تقریباً 243 کروڑ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوجائے گی۔

سیاہ رنگ کی یہ کار ’’فیراری 250 جی ٹی ایس ڈبلیو بی کیلیفورنیا اسپائیڈر‘‘ ہے جو 1961 میں تیار کی گئی تھی اور تب سے اب تک کئی امیر اور مشہور شخصیات کے پاس رہ چکی ہے۔ فیراری نے اس ماڈل کی صرف چالیس یا پچاس کاریں ہی تیار کی تھیں اور وہ سب کی سب اتنے ہی مہنگے داموں فروخت ہوئیں۔

اسے 2008 میں برطانوی میڈیا کی ایک مشہور شخصیت کرس ایونز نے ایک کروڑ ڈالر میں خریدا تھا۔ لیکن پرانی اور مہنگی کاروں کی قیمتیں اس سے بھی کہیں زیادہ ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق ’’کیلیفورنیا اسپائیڈر‘‘ اس وقت دنیا کی مہنگی ترین پرانی کاروں میں 50 ویں نمبر کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ اس وقت نئی کاروں میں مہنگی ترین ’’بگاتی‘‘ (Bugatti) کی ’’لا ووئچر نوئر‘‘ ہے جس کی قیمت 18.68 ملین ڈالر (303 کروڑ پاکستانی روپے) بتائی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔