پولیس وردی کی بڑی عزت ہے اس کو خراب نہ کریں، اسلام آباد ہائی کورٹ

ثاقب بشیر  بدھ 21 اکتوبر 2020
سیشن جج اور ایم پی اے شوہر جھگڑا کیس میں شریک ملزم کی ضمانت منظور

سیشن جج اور ایم پی اے شوہر جھگڑا کیس میں شریک ملزم کی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان اور ایم پی اے خاتون کے شوہر کے درمیان جھگڑا کیس میں شریک ملزم بلال عباسی کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ملزم بلال عباسی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ نے پولیس حکام سے کہا کہ ریڈزون میں یہ واقعہ ہوا لیکن اصل ملزم کو آپ نے تھانے سے ہی چھوڑ دیا تھا، پولیس یونیفارم کی بڑی عزت ہے اس کو خراب نہ کریں۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جسے ماتحت عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم بلال عباسی بھی جھگڑے کے دوران جج کو مارنے والے افراد میں شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریڈ زون میں فائرنگ کرنے والے جج کو معطل کردیا

عدالت نے کہا کہ بار بار یہ کورٹ کہہ رہی ہے کہ اس شہر میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے، جو طاقتور ملزم تھا اس کو پولیس نے تھانے سے ہی چھوڑ دیا تھا۔ سماعت کے بعد عدالت نے بلال عباسی کی ضمانت منظور کرلی۔

ادھر اسی کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر چوہدری خرم کو گرفتار کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ملزم چوہدری خرم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ ملزم کی گرفتاری اور عدالت پیشی کو انتہائی خفیہ رکھا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔