ایس او پیز پرعملدرآمد نہ کرنے سے کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

ویب ڈیسک  بدھ 21 اکتوبر 2020
حکومتی اقدامات سے پاکستان میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا کم پھیلا، داکٹر فیصل

حکومتی اقدامات سے پاکستان میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا کم پھیلا، داکٹر فیصل

 اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی بروقت اقدامات سے پاکستان میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا کم پھیلا۔

سینٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کے زیر اہتمام کورونا کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کی کردار بارے تقریب سے خطاب میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے فوری اور بروقت اقدامات کئے، حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے این سی او سی تشکیل دی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ این سی او سی نے انتہائی اہم اور مشکل فیصلے کئے، ان فیصلوں کے نتیجے میں ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاون کئے گئے، تعلیمی ادارے، ٹرانسپورٹ ، سیاحتی مقامات و دیگرمتعدد سروسز بند کردیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز کے پھیلاو کو روکا گیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت نے کورونا سے متاثرہ افراد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بیرون ملک سے طبی وحفاظتی سامان خریدے گئے جن میں ماسک، سینی ٹائزر اور وینٹی لیٹرز شامل تھے، کورونا ٹیسٹ کی یومیہ صلاحیت میں اضافہ کیا گیا،پھر ملک کے اندر ماسک، سینی ٹائزرزکی تیاری بڑے پیمانے پر شروع کی گئی،اب یہاں وینٹی لیٹرز بھی مقامی سطح پر تیار کئے جارہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ حکومت نے لاک ڈاون سے متاثرہ افراد کیلئے مالی معاونت فراہم کی، وفاقی حکومت کی بروقت اقدامات سے پاکستان میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا کم پھیلا، پاکستان نے موثر انداز میں کورونا کو کنٹرول کیا، یہی وجہ ہے کہ کورونا کے خلاف پاکستانی اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے،ہمیں احتیاطی تدابیر و ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا،آئندہ ایک دو ہفتے ہمارے لئے بڑا اہم ہے، اگر ہم نے احتیاط نہ کیا تو یہ وائرس ہماری معیشت کیلئے نقصاندہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔