خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے 6 ماہ بعد بھی ان پر عمل نہیں کیا، پرویز رشید

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 دسمبر 2013
عمران خان نے محکمہ پولیس میں اصلاحات کا وعدہ کیا تھالیکن محکمہ سیاست کی نذر کر دیا گیا۔ فوٹو:فائل

عمران خان نے محکمہ پولیس میں اصلاحات کا وعدہ کیا تھالیکن محکمہ سیاست کی نذر کر دیا گیا۔ فوٹو:فائل

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات  سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بتائیں کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں کرپشن پر کتنے افسران کے خلاف کارروائی کی گئی، صوبے میں تبدیلی کے نعروں پر 6 ماہ بعد بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے انتخابی منشور کے تحت خیبرپختونخوا میں منتخب ایس ایچ او لگائے، خیبر پختونخوا میں منافع خور ذخیرہ اندوزی کر رہے ہیں، عمران خان بتائیں  کہ صوبے میں کتنے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعت نے خیبرپختونخوا حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ٹیکس چوری عام ہے، عمران خان بتائیں کہ کتنے ایکسائز اور صوبائی ٹیکس چور پکڑے گئے اور سابق حکومتوں کی کرپشن کے کتنے کیسز پر کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل عمران خان نے محکمہ پولیس میں اصلاحات کا وعدہ کیا تھا لیکن پورا محکمہ سیاست کی نذر کر دیا گیا ہے۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران عمران خان نے 3 ماہ کے دوران صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا وعدہ کیا تھا لیکن 6 ماہ گزر جانے کے بعد بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ان کی جماعت کی کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔