سپریم کورٹ کا کرپشن مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم

ویب ڈیسک  جمعرات 22 اکتوبر 2020
چیئرمین نیب عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، سپریم کورٹ۔ فوٹو: فائل

چیئرمین نیب عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، سپریم کورٹ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کرپشن مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ میں لاکھڑا پاور پلانٹ بے ضابطگی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے احتساب عدالت کراچی کو لاکھڑا پاور پلانٹ کیس کا ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دو نومبر تک استغاثہ اور ملزم کے گواہان کے بیان ریکارڈ کیے جائیں۔  سپریم کورٹ نے رجسٹرار احتساب عدالت کراچی سے عملدرآمد رپورٹ بھی مانگ لی۔

لاکھڑا پاور پلانٹ بے ضابطگی کیس کی سماعت کے دوران ہی سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ کرپشن مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے، اور شواہد ریکارڈ کرنے کے عمل کو تیز کرکے جلد مکمل کیا جائے۔ عدالت نے احتساب عدالتوں کو جلد از جلد مقدمات کے فیصلے کرنے اور مقدمات میں التواء نہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ چیئرمین نیب عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، اور پراسیکیوٹر جنرل نیب استغاثہ کے گواہان کی حاضری یقینی بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔