مریم نواز کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تہہ تک جاؤں گا، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک  جمعرات 22 اکتوبر 2020
جان بوجھ کر کر صوبائی حکومت کو ناکام کرنے کے لیے سازشیں کی جاتی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ۔ فوٹو : فائل

جان بوجھ کر کر صوبائی حکومت کو ناکام کرنے کے لیے سازشیں کی جاتی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ۔ فوٹو : فائل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تہہ تک جاؤں گا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت جب سے آئی ہے کام کرنے نہیں دیا جارہا، سندھ حکومت کو ناکام کرنے کے لیے سازشیں کی جاتی ہیں، این ایف سی ایوارڈز کے پیسے مانگتے ہیں تو کہیں اور سے بلاوے آجاتے ہیں۔

مرادعلی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پی ڈی ایم اتحاد سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی، کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری میرے احکامات پر ہونے کے بیانات جاری کیے گئے تاکہ سیاسی اتحاد ٹوٹ جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس افسروں کی چھٹیوں کی درخواستیں آئیں تو پریشانی ہوئی، میں نے 48 گھنٹے بڑے کرب اور تکلیف میں گزارے صورتحال مشکل تھی، مریم نواز کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تہہ تک جاؤں گا، اراکین رائے دیں کہ وزراء کمیٹی میں کس کس کو شامل کیا جائے،  وزیر اعلیٰ سندھ نے اراکین سے رائے طلب کرلی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔