بھارت میں بیٹی نے ماں پر تشدد کرنے والے باپ کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 22 اکتوبر 2020
باپ کو قتل کرنے کے بعد لڑکی نے خود ہی پولیس کو بلاکر گرفتاری دیدی

باپ کو قتل کرنے کے بعد لڑکی نے خود ہی پولیس کو بلاکر گرفتاری دیدی

بھوپال: بھارت کے شہر بھوپال میں بیٹی نے ماں پر تشدد کرنے والے باپ کو قتل کرنے کے بعد پولیس کو گرفتاری دیدی۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر بھوپال میں 16 سالہ لڑکی نے اپنے 45 سالہ باپ پر کپڑے دھونے والے ڈنڈے سے بدترین تشدد کیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جس کے بعد نوجوان لڑکی نے خود ہی پولیس کو فون کرکے سارا ماجرا بتایا اور بعد ازاں گرفتاری دے دی۔

بھارتی پولیس کے مطابق نوجوان لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ ان کا والد بے روزگار تھا اور شراب کے نشے میں دھت ہوکر آئے روز میری ماں پر بدترین تشدد کیا کرتا تھا اور گزشتہ روز بھی ایسا ہی کچھ ہوا جس پر میرا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور مجھے مجبوراً یہ قدم اٹھانا پڑا۔

لڑکی کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق گزشتہ روز گھر میں معمول کی طرح باتیں ہورہی تھیں، اس دوران بڑے بیٹے کی شادی کی بات ہونے لگی جس پر ماں اور باپ میں معمولی تکرار کے بعد بحث چھڑگئی جس پر والد نے ایک بار پھر سے ماں پر تشدد کرنا شروع کردیا جو مجھ سے برداشت نہ ہوا اور میں نے بھی کپڑے دھونے والے لکڑی اٹھا کر والد کو سر پر مارنا شروع کردی جس سے ان کا خون بہنے لگا لیکن میرا غصہ اس قدر شدید تھا کہ میں خود کو روک نہیں پائی۔

دوسری جانب پولیس نے نوجوان لڑکی کے خلاف مقدمہ درج کرکے لڑکی کو شیلٹر ہاؤس بھیج دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔