گلشن اقبال میں آگ بجھانے والا سلنڈر پھٹنے سے ایک دکان دار جاں بحق دوسرا شدید زخمی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 22 اکتوبر 2020
گلشن اقبال میں دکان کے اندر پھٹنے والے سلنڈر کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

گلشن اقبال میں دکان کے اندر پھٹنے والے سلنڈر کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

 کراچی: گلشن اقبال کی ایک دکان میں آگ بجھانے والا سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی جس کے باعث علاقہ مکین اور دکان دار خوف زدہ ہو کر باہر نکل آئے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر صفدر مشوانی نے بتایا کہ دھماکا آگ بجھانے والے آلات کی دکان کے اندر ہوا جس میں آگ بجھانے والا ایک سلنڈر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک شخص نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز حکام موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے کی شناخت 42 سالہ دانش کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والے 50 سالہ مشتاق کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، دونوں افراد ملازمین بتائے جاتے ہیں، پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔