معروف قوال شیر میانداد اوران کا بیٹا ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 23 اکتوبر 2020
ڈاکوؤں نے شیر میانداد کی گاڑی رکوائی اور مبینہ طور پر دولاکھ روپے چھین کر لے گئے، پولیس حکام۔ فوٹو:فائل

ڈاکوؤں نے شیر میانداد کی گاڑی رکوائی اور مبینہ طور پر دولاکھ روپے چھین کر لے گئے، پولیس حکام۔ فوٹو:فائل

فیصل آباد: قوال شیر میانداد اور ان کا بیٹا ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق فیصل آباد کے نواحی گاؤں چک 204 ر ۔ ب کے قریب معروف قوال شیر میانداد اور ان کا بیٹا ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیر میانداد کے بیٹے عبیدعلی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تھانہ مدینہ ٹاؤن میں دو نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق قوال شیر میانداد تقریب میں شریک تھے، پروگرام کے بعد اپنی کار پر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں  موٹرسائیکل سوار چادر پوش دو ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی رکوائی اور مبینہ طور پر دولاکھ روپے چھین کر لے گئے، جب کہ مزاحمت پر فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں قوال شیر میانداد اور ان کا بیٹا عبید علی زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران معروف قوال شیرمیاندادپرفائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شیر میانداد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ آر پی او فیصل آباد نے سی پی او سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔