کورونا وائرس میں اضافہ ہوا تو لاک ڈاؤن سمیت تمام آپشنز استعمال کریں گے، وقارمہدی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 23 اکتوبر 2020
لاک ڈاؤن کا فیصلہ سندھ کا بینہ کرے گی، معاون خصوصی

لاک ڈاؤن کا فیصلہ سندھ کا بینہ کرے گی، معاون خصوصی

 کراچی: وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقارمہدی نے کہا ہے کہ جس شعبہ، کاروبار یا ادارے سمیت علاقے میں کورونا کیسز میں خطرناک حدتک اضافہ ہوا تو جان بچانے کے لیے لاک ڈاؤن سمیت تمام آپشنز استعمال کریں گے۔

وقارمہدی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ صوبے بھر خصوصا کراچی میں کورونا کیسوں میں تیزی سے اضافے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، اگر کیسوں میں تشویشناک حدتک اضافہ ہوا تو پھر لاک ڈاؤن کا فیصلہ سندھ کا بینہ کرے گی۔

وقارمہدی نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے بہتر احتیاط ہے، جس شعبہ، کاروبار یا ادارے سمیت علاقے میں کورونا کیسز میں خطرناک حدتک اضافہ ہوا تو جان بچانے کے لیے لاک ڈاؤن سمیت تمام آپشنز استعمال کریں گے۔

وقارمہدی نے بتایا کہ کراچی میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائیں اور جرمانے عائد کیے جائیں، یہ کارروائیاں جاری ہیں، تاہم کورونا سے بچاؤ کے لیے حکومت ازخود کچھ نہیں کرسکتی، لوگ ماسک کا استعمال کریں، بصورت دیگر مجبورا حکومت کو ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ کرنے کے لیے اقدام اٹھانا پڑیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔