چیرمین نیب کی رمضان شوگر مل کے قرضہ جات رجسٹر کرنے کے خلاف اپیل مسترد

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اکتوبر 2020
چیرمین نیب قانون کے مطابق ایڈیشنل جوائنٹ رجسٹرار کمپنیز کے پاس اپیل دائر کر سکتے ہیں، فیصلہ۔ فوٹو:فائل

چیرمین نیب قانون کے مطابق ایڈیشنل جوائنٹ رجسٹرار کمپنیز کے پاس اپیل دائر کر سکتے ہیں، فیصلہ۔ فوٹو:فائل

لاہور: عدالت نے چیرمین نیب کی رمضان شوگر مل کے قرضہ جات رجسٹر کرنے کے خلاف اپیل مسترد کردی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے چیرمین نیب کی اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی،  ہائیکورٹ نے نیب کی اپیل کا تفصیلی تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے ایس ای سی پی کو رمضان شوگر مل کا قرضہ رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا، ہائیکورٹ کے قرضہ رجسٹر کرنے کے فیصلے کے خلاف چیرمین نیب نے اپیل دائر کی، چیرمین نیب کی اپیل قابل سماعت نہیں ہے، چیرمین نیب قانون کے مطابق ایڈیشنل جوائنٹ رجسٹرار کمپنیز کے پاس اپیل دائر کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے اپیل میں رمضان شوگر مل اور ایس ای سی پی کو فریق بنایا تھا، نیب اپیل میں کہا گیا تھا کہ ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے ایس ای سی پی کو رمضان شوگر مل کا قرض رجسٹرڈ کرنے کی اجازت دی،  رمضان شوگر مل کے شئیر ہولڈرز کے خلاف ریفرنس لاہور کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، رمضان شوگر مل شہباز شریف خاندان کی ملکیت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔