نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا وہ بھاگنے والے نہیں، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اکتوبر 2020
پی ڈی ایم اس نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف پوری قوم میں بیداری کا سبب بن رہی ہے، مولانا فضل الرحمان: فوٹو: فائل

پی ڈی ایم اس نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف پوری قوم میں بیداری کا سبب بن رہی ہے، مولانا فضل الرحمان: فوٹو: فائل

کوئٹہ: سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا وہ بھاگنے والے نہیں۔

قلات میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم طبل جنگ بجا چکے ہیں،  پی ڈی ایم جلسوں سے جعلی حکومت کے اوسان خطا ہوگئے ہیں، پی ڈی ایم اس نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف پوری قوم میں بیداری کا سبب بن رہی ہے، کل پورا بلوچستان بشمول کوئٹہ ہمارے ساتھ مل کر نالائق حکومت کے خلاف جمع ہوگا، کوئٹہ جلسہ ہر صورت میں ہوگا، سیکورٹی دینا حکومت کا کام ہے، اگراور اعلان کردے،  ہم خود سیکیورٹی کے انتطامات سنبھال لیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، آج ہر شخص کی چیخ و پکار آسمان کو پہنچ رہی ہے، قوم پر نااہل اور نالائق ٹولے کو مسلط کردیا گیا، عمران خان اور اس کی جعلی حکومت کامیڈی ہے، ووٹ عوام کا حق اور امانت ہے جو چوری کیا گیا، ہم نے عہد کیا ہے کہ ہر صورت عوام کی امانت کو لوٹا کر دیں گے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عدالت نے جسٹس قاضی فائز کیس بدنیتی قرار دے کر خارج کردیا، یہ ریفرنس جعلی کابینہ اور جعلی وزیراعظم کی ایما پر بنایا گیا تھا، اب صدرعارف علوی اپنے عہدے پر مزید رہنے کا حق کھو چکے ہیں، نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا وہ بھاگنے والے نہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔