حکومت کہیں نہیں جارہی، سب نے اپنی تنخواہ پرکام کرناہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اکتوبر 2020
پی ڈی ایم کی تحریک سے معیشت کو نقصان پہنچ رہاہے، وفاقی وزیر

پی ڈی ایم کی تحریک سے معیشت کو نقصان پہنچ رہاہے، وفاقی وزیر

 لاہور: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، سب نے اپنی اپنی تنخواہ پرکام کرناہے۔

فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک سے معیشت کو نقصان پہنچ رہاہے، کبھی آئی جی کے اغوا کا ڈرامہ اور چھٹیوں کا بہانہ بنایا جاتاہے، کبھی کچھ اور کیا جاتا ہے، اپوزیشن کی تحریکوں کا مقصد اپنے کیسز کو ٹھکانے لگانا اور این آر او حاصل کرنا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور دیگر جو پیسہ لے کر گئے وہ عوام کا پیسہ ہے، ہمیں انہیں جیلوں میں رکھنے کا شوق نہیں،پلی بارگین کرکے پیسے دیں اور جہاں مرضی رہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلوں کے بعد نواز شریف کا اب برطانیہ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، وہ 15 جنوری سے پہلے واپس آئیں گے، لوگوں کو بے وقوف نہ سمجھیں، نوازشریف کا برطانیہ میں کوئی لیگل اسٹیٹس نہیں ہے، حکومت کہیں نہیں جارہی، سب نے اپنی اپنی تنخواہ پرکام کرناہے، کوئی آرہا ہے نہ کوئی جارہاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔