فیٹف کے معاملے پر پاکستان کو وسیع بین الاقوامی تعاون حاصل ہے، حماد اظہر

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اکتوبر 2020
وفاقی وزیر صںعت و پیداوار نے اپنے ٹوئٹ میں ایف اے ٹی ایف کے فیصلے کو سفارتی کام یابی قرار دیا(فوٹو، فائل)

وفاقی وزیر صںعت و پیداوار نے اپنے ٹوئٹ میں ایف اے ٹی ایف کے فیصلے کو سفارتی کام یابی قرار دیا(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف  کا فیصلہ سفارتی کام یابی ہے تاہم  پاکستان سے متعلق ہونے والے فیصلے کے حوالے سے بعض حلقے کچھ ممالک کے خلاف جعلی خبریں پھیلا کر منفی پراپیگنڈا کررہے ہیں۔

اس حوالے سے اپنے ٹوiٹ میں ان کا کہنا تھا کہ  فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے ہمارے بلند سیاسی عزم اور غیر معمولی پیش رفت کا اعتراف کیا ہے,  گزشتہ روز بغیر ووٹنگ کے پاکستان کے حق میں فیصلہ ہونا ہماری سفارتی کام یابی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایف اے ٹی ایف کا فیصلہ ووٹنگ کیٹیگری سے تعلق نہیں رکھتا تھا (یعنی اس کے لیے رائے شماری درکار ہی نہیں تھی) تاہم بدقسمتی سے بعض حلقے ووٹنگ میں عدم شرکت یا منفی رائے سے متعلق جعلی اور بے بنیاد معلومات پھیلا کر بعض ممالک کے خلاف پراپیگنڈا کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جعلی خبروں میں بعض ایسے ممالک کا نام بھی لیا جارہا ہے جو ایف اے ٹی ایف کے رکن ہی نہیں, پاکستان ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر وسیع تر بین الاقوامی حمایت رکھتا ہے۔

یہ پڑھیے: ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو فروری تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو اگلے سال 2021$ تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور یوں بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوششیں ناکام ہوگئی تاہم سوشل میڈیا پر بعض ممالک کے حوالے سے ٰیہ اطلاعات گردش میں تھیں کہ انہوں ںے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے فیصلے کی مخالفت یا بلیک لسٹ کرنے کی حمایت کی ہے اور اس کے لیے ووٹ دیا ہے۔ ان ممالک میں پاکستان کے بعض دوست ممالک کا نام بھی لیا جارہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔