کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی تمام فلم ان کے کیمرا مین نے شوٹ کی، شہباز گل

ویب ڈیسک  اتوار 25 اکتوبر 2020
پہلے ویڈیو کو لندن پھر پاکستان میں چلوایا گیا، انہوں نے اپنے کیمرا مین سے ویڈیو بنوائی اور کہا وائرل کر دو (فوٹو: فائل)

پہلے ویڈیو کو لندن پھر پاکستان میں چلوایا گیا، انہوں نے اپنے کیمرا مین سے ویڈیو بنوائی اور کہا وائرل کر دو (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے دعوی کیا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی تمام فلم ان کے کیمرا مین نے شوٹ کی، ان کی گرفتاری کا بھارتی میڈیا نے فائدہ اٹھایا اور بھارت میں خانہ جنگی کی خبریں چلیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا گزشتہ 40 سال سے 2 ٹبر سیاست میں آگئے، ان دو خاندانوں کو جھوٹ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دینی چاہیے، یہ چاہتے ہیں ان کی ہربات کا یقین کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ 3 افراد کی وجہ سے متاثر ہوئی، ن لیگ کی صورتحال کے ذمہ دار نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز ہیں، والد کی تیمارداری کے لیے مریم نواز نے رحم کی بھیک نہیں مانگی ؟ والد کی تیمارداری کا کہہ کر مریم نواز آج جیل سے باہر ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ پہلے ویڈیو کو لندن پھر پاکستان میں چلوایا گیا، انہوں نے اپنے کیمرا مین سے ویڈیو بنوائی اور کہا وائرل کر دو، کیمرا مین نے کمرے سے لے کر باہر تک کیپٹن (ر) صفدر کی ویڈیو بنائی، کیمرا مین نے پولیس افسر اور کیپٹن (ر) صفدر کو ہر جگہ فوکس کیا، کیپٹن (ر) صفدر کو پکڑنا ہوتا تو اور طریقوں سے پکڑا جاسکتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے کہنے پر سندھ پولیس افسران نے چھٹی کی درخواستیں دیں، ن لیگ کی ترجمان دوسروں کو کرائے کے ترجمان کہتی ہیں ،وہ یہ نہیں دیکھتی خود کہاں سے اور کیسے آئیں، نواز شریف اپنے اداروں کے خلاف باہر بیٹھ کر بولتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔