کینسر سے لڑنے والے حنیف محمد کو قرضوں نے جکڑ لیا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 22 دسمبر 2013
حنیف محمد اپنی پوتی عائزہ  کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

حنیف محمد اپنی پوتی عائزہ کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: کینسر کے مرض سے لڑنے والے سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمدکو قرضوں نے جکڑ لیا۔

انھوں نے اہل خانہ کے ہمراہ انتہائی کرب کے عالم میں اپنی79ویں سالگرہ منائی، نوعمرپوتے ایان کی موت کو نہ بھلا پانے والے اپنے دور کے عظیم بیٹسمین نے پوتی عائزہ کے ہمراہ کیک ضرور کاٹا مگراسے نام کی سالگرہ قرار دیا، انھوں نے کہاکہ میں اپنے پوتے کو کبھی نہیں بھول سکتا، حنیف محمد نے شکوہ کیا کہ پی سی بی اور حکومت نے انھیں یاد نہیں رکھا، جب کھلاڑی عروج پر ہو تو واہ واہ ہوتی ہے مگر ریٹائرمنٹ کے بعد فراموش کر دیا جاتا ہے۔

 photo 4_zpsadb06a39.jpg

حنیف محمد نے کہاکہ میں علاج کے دوران بھاری قرض تلے دب چکا اور70 لاکھ روپے کا مقروض ہوں، اس ضمن میں وزیر اعظم میاں نواز شریف سے رابطہ کرکے تعاون کی درخواست کروں گا،روہانسے انداز میں حنیف محمد نے کہا کہ میں کینسر جیسے موذی مرض سے لڑا اور میرے حوصلے بلند ہیں لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ میری قدر نہیں کی جا رہی، حنیف محمد نے شکوہ کیا کہ پاکستان کی جانب سے ٹرپل سنچریاں اسکور کرنے والے دیگر بیٹسمینوں کوتو انعام و اکرام سے نوازا گیا مگر مجھے کسی نے پوچھا تک نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔