افریقی ملک کیمرون میں اسکول پر حملہ، 8 بچے ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 25 اکتوبر 2020
سفاکانہ حملے میں 13 بچے زخمی بھی ہوئے، فوٹو : رائٹرز

سفاکانہ حملے میں 13 بچے زخمی بھی ہوئے، فوٹو : رائٹرز

یاؤندے: وسطی افریقی ملک کیمرون کے ایک اسکول پر مسلح اور چاقو بردار حملہ آوروں نے بچوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 8 طلبا ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کیمرون کے شہر کومبا کے اسکول ’مدر فرانسسکا انٹرنیشنل بائی لینگیول اکیڈمی‘ پر سادہ لباس میں ملبوس موٹرسائیکل سواروں نے دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے اسکول پر اندھا دھند فائرنگ کی اور جان بچانے کے لیے بھاگنے والوں پر چاقو سے وار کیے۔

ایک سال بعد رواں ماہ ہی بحال ہونے والے اسکول پر سفاکانہ حملے میں 8 بچے ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 بچوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ کچھ بچے اسکول کی دوسری منزل سے جان بچانے کے لیے کودنے کی وجہ سے زخمی ہوئے۔

attack camerone school

تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ کیمرون میں انگریزی اور فرانسیسی زبانیں بولی جاتی ہیں اور زبان کی بنیاد پر علیحدگی پسند تحریکیں بھی چل رہی ہیں جن کے حکومتی فوسرز کے ساتھ جھڑپیں معمول کا حصہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔